اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری برائے کامرس احمد نواز سکھیرا نے کہا ہے کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری روابط کو فروغ دینے کے لئے 2 روزہ پاک افریقہ تجارتی کانفرنس کل جمعرات سے نیروبی میں شروع ہو گی۔ کانفرنس میں افریقی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے اور کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے لئے معاشی سفارتکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں افریقی ممالک کی کاروباری اور سرکاری شعبے کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لئے رد عمل انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کی اہمیت اس امر سے اجاگر ہو رہی ہے کہ کانفرنس کے انعقاد سے متعلق نیروبی ایئرپورٹ سے جانے والے رستے کو پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس 2020 کے موضوع سے بڑے بڑے بینرز اور بل بورڈ سے سجایا گیا ہے۔