لاہور۔27 جنوری (ا ے پی پی )رم جھم بارش نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تیسرے اور آخری ٹی 20کرکٹ میچ پر پانی پھیر دیا۔بارش کا سلسلہ نہ رکنے کے باعث امپائر نے کھیل منسوخ کردیا۔پاکستان نے سیریز 2-0سے جیت کرٹرافی اپنے نام کرلی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے پاکستان کی نمبر ون رینکنگ پر کوئی فرق نہیں پڑا‘ پاک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول تھا‘میچ کا ٹاس ڈیڑھ بجے اور میچ 2 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے باعث ٹاس بھی تاخیر کا شکار رہا پھردونوں امپائرز نے گراﺅنڈ میں آکر وکٹ کا دوبارہ جائزہ لیا ‘میچ ریفری نے موسم اور گراﺅنڈ کا حتمی جائزہ لیا اور پھر 4 بج کر 31 منٹ کو کٹ آف ٹائم قرار دیا گیا کہ اگر بارش رک گئی تو میچ ہو گا وگرنہ منسوخ قرار دیا جائے گا اور پھر خراب موسم کے باعث میچ کا آغاز نہ ہو سکا اور میچ منسوخ کر دیا گیا جس کیساتھ ہی تین میچوں کی سیریز بھی اپنے اختتام کو پہنچ گئی جو قومی ٹیم نے پہلے دو میچوں میں فتح حاصل کر کے 0-2 کیساتھ اپنے نام کر رکھی تھی‘پہلے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی اور دوسرا میچ 9 وکٹوں سے باآسانی اپنے نام کیا،تاہم گرین شرٹس کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بر قرار رکھنے کیلئے تیسرا میچ بھی جیتنا لازمی تھا، واضح رہے کہ پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی درجہ بندی نویں ہے ، اگر بنگلہ دیش یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا توپاکستان اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہوجاتا‘دونوں ٹیم کے درمیان منسوخ ہونے والے اس میچ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی نمبر ون پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور یہ بدستور پہلے نمبر پر برقرار رہے گی۔