اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بوسنیا کے پاکستان میں سفیر ثاقب فورک نے منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان بوسنیا کے ساتھ اپنے پارلیمانی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی روابط کومزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین کاروباری شعبوں میں وسعت آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معاشی ترقی کے حصول کےلئے بوسنیا کے ساتھ تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اعتبار سے تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں ترقی اور خوشحالی کےلئے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تمام تر تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو سے کشمیری عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے کومقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ بوسنیا کے سفیر ثاقب فورک نے پاکستان کے بوسنیا کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بوسنیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوسنین پارلیمنٹ پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوسنیا میں بے پناہ معاشی مواقع موجودہیں جس سے پاکستانی سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خام مال سے تیار شدہ مصنوعات یورپی منڈیوں میں فروخت کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں جسے دنیا فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں177 دنوں سے جاری بھارتی محاسرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو روکنے کےلئے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بوسنیا مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کےلئے اپنی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔