اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کو لوٹ کر مظلوم ہونے کی دہائی دینے والے حساب سے نہیں بچ سکتے، ’نورالیگ‘ میدان سے بھاگ چکی ہے۔ ’ترچھی ٹوپی، ذائقے دو‘ نومبر سے ملک سے فرار ہیں، کیمروں کے سامنے، اجلاسوں، ہوٹلوں میں لندن کی سڑکوں پر وہ بھلے چنگے اور روزانہ نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرتے ہیں لیکن عدالتوں کے سامنے اور کاغذات میں بیمار ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ پارلیمان سے تنخواہ لے رہے ہیں، لیکن قوم کی خدمت کے لئے دستیاب نہیں، ایسے بیمار قوم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے، قوم کو لوٹ کر بھی مظلوم ہونے کی دہائی دینے والے حساب سے نہیں بچ سکتے۔