اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ملک اور بیرون ملک مقیم پوری پاکستانی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ 5 فروری کو 80 لاکھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکلے جو 6 ماہ سے بھارتی قابض افواج کے محاصرہ میں ہیں۔ جمعہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر ملک اور بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کیلئے گھروں سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے 6 ماہ سے 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسل پرست اور فسطائیت پسند مودی نے کشمیریوں کو بربریت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔