ڈیووس ۔ 24 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے ورلڈ اکنامک فورم 2020ء کے اجلاس کے موقع پر دوغان ہولڈنگز کی چیئرپرسن دوغان فرالیالینے ملاقات کی ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقارعباس بخاری، سرمایہ کاری کے عمومی سفیر علی جہانگیر صدیقی، جنیوا اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور حکومت پاکستان میں کسی بھی قسم کے کاروبار کیلئے ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو بہترین قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے جہاں پر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے دوغان ہولڈنگز کو پاکستان میں توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ دوغان ہولڈنگز کی چیئرپرسن مس دوغان فرالیالی نے پاکستان میں اصلاحات کے ایجنڈے کی تعریف کی اور پاکستان میں مختلف باصلاحیت شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ دوغان ہولڈنگز کا شمار ترکی کی بڑی کمپنیوںمیں ہوتا ہے جو توانائی، میڈیا، صنعت، تجارت، انشورنس اور سیاحت کے شعبوں میں کام کر رہی ہے۔