لاہور۔24 جنوری(اے پی پی )قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی طرف سے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور احسان علی نے کیا۔ کپتان بابر اعظم پہلے اوور کی دوسری گیند پر بغیر سکور بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔قومی ٹیم کو دوسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اْٹھانا پڑا،محمد حفیظ 16 گیندوں پر 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند پرامین الاسلام کو کیچ آوٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ احسان علی کی گری جو 32 گیندوں پر 36 رنز بنا کر امین الاسلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ افتخار احمد کو 16 کے سکور پر امین الاسلام نے آوٹ کیا۔ قومی ٹیم نے شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آخری اوور میں اسکور پورا کر لیا، شعیب ملک نے ناقابل شکست 58 اسکور کئے،اس سے قبل قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محموداللہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور محمد نعیم نے ٹیم کو 71 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 39 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے ان کے بعد آنے والے بلے باز لٹن داس بھی 12 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے، محمد نعیم 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔کپتان محمد اللہ نے عفیف حسین کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن عفیف کو حارث رؤف نے بولڈ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا پہلا شکار کیا۔ سومیا سرکار 7 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، کپتان محمد اللہ 19 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔