اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی پاکستان کے ایک اچھے دوست ہیں، قطر کے نئے وزیراعظم پاکستان قطر تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں اہم کردار ادا کریںگے، پاکستان قطر کے دو طرفہ تعاون اور باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سینیٹ سکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے قطر کے نئے وزیراعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز الثانی پاکستان کے ایک اچھے دوست ہیں۔ قطر کے نئے وزیراعظم پاکستان قطر تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں اہم کردار ادا کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے دو طرفہ تعاون اور باہمی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے قطر کے نئے وزیراعظم خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھر پور کردار ادا کریںگے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی پارلیمان، عوام اور حکومت کی جانب سے قطر کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور ترقی کیلئے قطر کی کاوشوں کو سراہتا ہے۔