میونخ ۔ 15 فروری (اے پی پی) مریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر نے جرمنی کے شہرمیونخ میں افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ان کی یہ ملاقات ”انٹرنیشنل سکیورٹی فورم” کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس کے متعلق اہل کاروں نے بتایا ہے کہ ”تشدد کی کارروائیوں میں کمی” لانے پر مبنی اس سمجھوتے کا متن اس وقت مذاکرات کی میز پر موجود ہے، اور بعید نہیں کہ اس کا اعلان اختتام ہفتہ کر دیا جائے۔امریکی حکام کے مطابق، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اصولی طور پر معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس کے نتیجے میں افغانستان سے خاصی تعداد میں امریکی فوج کے انخلاء کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ مائیک پومپیو اورمارک ایسپر کی صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران افغانستان میں امریکی قیادت والی بین الاقوامی افواج کے کمانڈر جنرل سکوٹ مِلر اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد بھی شریک تھے۔امریکی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کیا ہے کہ یہ پیش رفت طالبان کے الٹی میٹم کا نتیجہ ہے۔