اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے اجلاس کے موقع پر جمعہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے خصوصی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور، ایچ ایل ایس سی سی طریقہ کار اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکی کی حمایت، نہتے کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزائی کا موجب ہے۔ وزیر خارجہ نے ترک ہم منصب کے ساتھ افغان امن عمل اور وسطی ایشیا میں کشیدگی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی کسی بھی فریق کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہو سکتی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے معاملات کے پرامن حل کیلئے سفارتی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے فریقین کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔