اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) رومانیہ میں تیارکردہ 2300 ٹن وزنی بحری جہاز پی این ایس یرموک کو پاک بحریہ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی این ایس یرموک کی کمشننگ تقریب رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ جس میں وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس یرموک جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو مختلف اقسام کے میری ٹائم آپریشنز سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طرز کا دوسرا جہاز پی این ایس تبوک رواں سال کے وسط تک پاک بحریہ میں شامل ہوگا۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بحری بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ریکارڈ مدت میں جہاز کی تیاری پر ڈامن شپ یارڈ کے تعاون اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ تقریب میں پاکستانی حکام کے علاوہ رومانین بحریہ کے اعلی افسران، دوست ممالک کے سفارتکاروں اور ڈامن شپ یارڈ کی انتظامیہ نے بھی شرکت کی ہے۔