اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز(سی جی ایس ایس) اسلام آباد نے جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی) کے ساتھ تعاون کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب اے پی پی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی جس کا مقصد دونوں اداروں کے مابین وسیع النظر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ادارے مضامین، خبروں اور دیگر دستاویزی مواد/ ای۔ریسرچ مواد کے تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مل کر کام کریں گے۔ سی جی ایس ایس کے صدر میجر جنرل(ر) سید خالد عامر جعفری اور اے پی پی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل نیوز محمد قمراللہ چوہدری نے اپنے متعلقہ ادارے کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شریک سی جی ایس ایس کے دیگر اراکین میں سابق سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور سی جی ایس ایس کے ایڈوائزری بورڈ کے سینئر ممبر محمد اشفاق گوندل، سی جی ایس ایس کے نائب صدر بیرسٹر بابر سہیل، سی جی ایس ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیفٹننٹ کرنل(ر) خالد تیمور اکرم، ڈائریکٹر سی جی ایس ایس مہرین گل، مینیجر کوآرڈینیشن سی جی ایس ایس میجر(ر) اقبال اسلم، مینجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن مدیحہ غفار شامل تھے۔