اسلام آباد ۔ 25 فروری (اے پی پی) قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 29 فروری کو دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری سفیر صقر بن مبارک نے دفترخارجہ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر خارجہ کو دوحہ میں امریکا طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ جناب شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے شرکت کی دعوت دی ۔ قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ پیش کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔ پاکستان کا ہمیشہ سے مو¿قف رہا ہے کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے۔ آ ج دنیا پاکستان کا مو¿قف تسلیم کر رہی ہے۔ پاکستان پرامید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔