اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نازیوں سے متاثر آر ایس ایس کے نظریے نے ایک ارب سے زیادہ آبادی کے ملک بھارت کو یرغمال بنا رکھا ہے، نفرت کی بنیاد پر قائم نسل پرستانہ نظریہ ہمیشہ خونریزی کا باعث بنتا ہے، بھارت اب 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنا رہا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، پاکستان میں اگر کسی نے غیر مسلم شہریوں یا ان کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تو اس سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو اپنے ٹویٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ارب سے زیادہ آبادی والے جوہری ملک بھارت کو نازی نظریے پر کاربند آر ایس ایس نے یرغمال بنایا ہوا ہے، جب بھی نفرت پر مبنی نسل پرستانہ نظریہ پھلتا پھولتا ہے تو خون ریزی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں بھی انہوں نے اس خطرے کی نشاندہی کی تھی کہ ایک مرتبہ یہ جن بوتل سے باہر نکل آیا تو خونریزی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اس کا آغاز تھا،اب بھارت میں 20کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں برابر کی شہری ہیں ، کسی نے غیر مسلم شہریوں یا ان کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا تواس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔