اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے مصر کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ وہ مصر کے کمانڈر انچیف و وزیر دفاعی پیداوار جنرل محمد احمد زکی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ علاقائی و بین الاقوامی معاملات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات اور 2019ءمیں نیویارک اور مکہ میں صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی یاد دہانی کراتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق قیادتوں کے مابین مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاک۔مصر تعلقات کو بلندیوں کی نئی سطح تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور 5 اگست کے بعد سمیت مسلسل لاک ڈاﺅن، رابطوں کی بندش اور خوراک و ادویات کی قلت سے متعلق تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں پر عملدرآمد تنازعہ کا واحد پرامن حل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی انتہاءپسند اور امتیازی پالیسیوں سے نہ صرف بھارت میں اقلیتوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے بلکہ اس سے خطہ میں امن و سلامتی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مصری کمانڈر انچیف جنرل محمد احمد زکی نے وزیراعظم عمران خان کو مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کی جانب سے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔ جنرل احمد زکی نے پاک۔مصر دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، مشترکہ فوجی مشقوں اور دونوں ملکوں کے مابین اعلیٰ سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مصری کمانڈر انچیف نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق مصری حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔