اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کے منہ سے ان کے حل کی بات قوم کے ساتھ ایک کھلا مذاق ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پارلیمان سے تنخواہ لے رہے ہیں لیکن کام نہیں کر رہے، قوم کے بچوں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والے عدالت سے چھٹی لے کر بیرون ملک اولاد کے وسائل بڑھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بیان داغنے پر کیوں اکتفا کر رہے ہیں، آپ پاکستان آنے سے کیوں گریزاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”تم ہی نے درد دیا کیا تم ہی دوا دو گے“ عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کے منہ سے ان کے حل کی بات قوم کے ساتھ ایک کھلا مذاق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا بیان ان کے اپنے دور کی کہانی ان کی زبانی ہے، ان کے دور کے بند کارخانے عوام کے ذہنوں پر ابھی نقش ہیں، عمران خان بند صنعت کا پہیہ چلا رہے ہیں۔