اسلام آباد ۔ 24 فروری (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیکنالوجی پر مبنی ملکی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین، وزیراعظم مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول شہریار آفریدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سید زبیر گیلانی ، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیرِ برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیرِ اعظم کو ملکی درآمدات میں کمی لانے کے لئے متبادل درآمدات (امپورٹ سبسٹی چیوشن)، بائیو ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی پیداوار اوربرآمدات میں اضافے اور ہائی ٹیک مصنوعات کے فروغ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بتایا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے کیمیکلز، بائیوٹیکنالوجی، مشینری، ٹیکسٹائل، بیس میٹلز، پلاسٹک و دیگر اقسام کی 252 مصنوعات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی پیداوار اور معیار کو بہتر بنا کر عالمی سطح پر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے اور درآمدات میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی تین، سات اور دس سالہ پروگرام مرتب کر رہی ہے۔ ملک میں ہائی ٹیک انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے ضمن میں ملکی استعداد اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ۔ وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس حوالے سے وزیراعظم کو متعدد اہم منصوبوں کی تجاویز پیش کی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں ہربل، فوڈ اور ادویات کے شعبے پر توجہ دی جا ئے گی تاکہ جہاں برآمدات کی اقسام میں وسعت لائی جائے وہاں مجموعی ملکی پیداوار میں ٹیکنالو جی پر مبنی مصنوعات کی برآمدات کے شیئر میں اضافہ کیا جا سکے اور اس کو 2030ءتک تین فیصد تک لایا جا سکے۔ اجلاس میں جہلم انڈسٹریل بائیوٹیکنالوجی پارک کے قیام پر پیش رفت اور اس سے جڑے معاملات پر بھی وزیرِ اعظم کو بریف کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی ملکی سطح پر پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فروغ میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔ اجلاس کے آغاز پر وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے حال ہی میں لاہور کے مرکزی علاقے میں واقع پاکستان کونسل فار سائنٹیفک ایند انڈسٹرئیل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) کی اربوں روپوں کی پچیس ایکٹر زمین ایک سیاسی رہنما کے قریبی رشتہ دار سے واگذار کرائی ہے ۔ مذکورہ شخص نے اپنے تعلقات اور اثرو رسوخ کی بناءپر ایک عرصے سے اس بیش قیمت زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا۔ وزیرِ اعظم نے سرکاری زمین کو ناجائز قبضے سےواگذار کرانے پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور وزارت کے افسروں کی کارکردگی اور کاوشوں کو سراہا۔