اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مابین تعاون مثبت پیش رفت ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن ، ریڈ یو پاکستان اور ٹی آر ٹی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونا خوش آئند ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اس اقدام سے ترکی اور پاکستان میں ثقافتی روابط کو فروغ حاصل ھو گا، ایک دوسرے کی روایات کو سمجھنے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور عوامی سطح پر مزید قربت پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی ان یادداشتوں کے تحت پاکستان اور ترکی کے ٹی وی ڈراموں کی ایک دوسرے کے ممالک میں نمائش ہوگی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ یہ دو طرفہ تعاون دونوں ممالک کے مابین نہ صر ف پروگراموں کے تبادلوں میں معاون ثابت ہو گا بلکہ مسلم امہ کے کاز کو اجاگر کرنے کے بیانیہ کو تقویت بھی ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سینما کے شعبہ میں دونوں ممالک میں تعاون پر اتفاق سے پاکستانی فلمی شعبے کی بحالی اور فروغ میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاحت کی ترقی اور فروغ وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔ سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یادداشت ترکی کے تجربات سے اس شعبہ میں مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سیاحت کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ثقافت اور ورثہ کے شعبوں میں نمائشوں اور خطاطی ورکشاپ کے انعقاد کو ممکن بنایا جا ئے گا۔ اسلامی فن تعمیر کی ترویج اور ورثے کو محفوظ بنانے کے مشترکہ منصوبے بھی زیر غور ہیں۔