اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی وخدمات اور ای کامرس کے شعبوں میں بے پناہ صلاحےت ہے، پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی وزیر تجارت ولبر راس سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں، امریکہ پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت داراور سرمایہ کار ملک رہ چکا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے تجارتی سطح پر دو طرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے امریکی وزیر تجارت کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے افعان امن عمل میں کے لئے پاکستان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی وخدمات اور ای کامرس کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر تجارت کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔