اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وزےر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، حکومت نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نوول کورونا وائرس ایمر جنسی کور گروپ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ میجرجنرل عامراکرام اور پاک فوج کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے موجودہ اقدامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا حکومت پاکستان نے کرونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے مطابق اسلام آباد کے حج کمپیلکس کو حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطین کیا ہے جبکہ پاکستان کے تمام انٹری پوائنٹس پر سکریننگ کی جا رہی ہے، چین سے آنے والے مسافروں کا ڈیٹا بھی لیا جا رہا ہے اور اس ڈیٹا کے ذریعے ان کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے مزےد کہا عوام کو تحفظ دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں عوام کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔