پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی آمدن میں 2019ءکے دوران 25 فیصد اضافہ

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) پاکستان ٹوبیکو کمپنی ( پی اے کے ٹی) کی بعد از ٹیکس آمدن میں 2019ءکے دوران 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2019ءکے دوران کمپنی کو 12 ہزار 889 ملین روپے کی خالص آمدنی ہوئی ہے جبکہ سال 2018ءکے اختتام پر کمپنی کی خالص آمدنی 10 ہزار 338 ملین روپے رہی تھی۔ اس طرح سال 2018ءکے مقابلہ میں 2019ءکے دوران پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے بعد ز ٹیکس منافع میں 2 ہزار 551 ملین روپے یعنی 25 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس پر کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی40.46 روپے کے مقابلہ میں 50.45 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019ءکے دوران کمپنی کے سیلز کے اخراجات میں 14 فیصد جبکہ سیلزاور ڈسٹری بیوشن کے اخرجات میں 6 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ سیلز کے اخراجات 29 ہزار 829 ملین روپے کے مقابلہ میں 25ہزار 780 ملین روپے تک کم ہو گئے اور سیلز کے اخراجات کی مد میں کمپنی کو 4 ہزار 49 ملین روپے کی بچت ہوئی ہے۔ اسی طرح سیلز اور ڈسٹری بیوشن کے اخراجات بھی 4 ہزار 950 ملین روپے کے مقابلہ میں 4 ہزار 666 ملین روپے تک کم ہو گئے جس سے کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔