چین میں کورونا وائرس سے مزید 121افراد ہلاک، مجموعی تعداد 1483 ہو گئی

بیجنگ ۔ 14 فروری (اے پی پی) چین میں کورونا وائرس سے جمعرات کو مزید 121اموات سے مجموعی اموات 1483 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ مزید 5,090 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 63,851 ہو گئی ہے۔ چین کی وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صوبہ ہوبے کے علاقے ووہان میں کورونا وائرس سے مزید 116اموات جبکہ ہیلانگ جیانگ میں دو اور انہوئی، ہینان اور چانگ چنگ میں ایک ایک متاثرہ شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔حکام کے مطابق جمعرات کو کورونا وائرس سے متاثرہ 1,081 افراد کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا جس کے بعد مکمل طور پر صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 6,723ہو گئی ہے ۔ چین کے محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ کے 493,067 کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں سے 26,905 کو نگرانی کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے جبکہ 177,984 مسلسل زیر نگرانی ہیں۔جمعرات تک ہانگ کانگ میں 52، مکاﺅ میں 10 اور تائیوان میں 18 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔