بیجنگ ۔ 13 فروری (اے پی پی) چین کے صوبے ہوبے میں مہلک کورونا وائرس سے میں مزید 242 افراد ہلاک ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1355 ہو گئی ہے جبکہ 14840 نئے واقعات کی بھی تصدیق ہوئی ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس (سی او وی آئی ڈی۔ 19) کووڈ 19 سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ کورونا وائرس سے چین میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1355ہو گئی ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ برطانوی سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وائرس کی ویکسین تیار کر لی گئی ہے جس کی چوہوں پر آزمائش کی جا رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی وائرس کے سلسلے میں پیش رفت کی ہے اور کورونا وائرس کو (سی او وی آئی ڈی۔ 19) کووِڈ 19 کا نام دیا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، 27 ممالک میں 250 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے جاپان میں 90، سنگاپور میں 40، جنوبی کوریا میں 25، بھارت میں 3 اور فرانس میں 4 شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔