اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ ) نے کرونا وائرس سے تحفظ کے سامان کی مہنگے داموں فروخت کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ ڈریپ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرجیکل ، این 95 ، خصوصی سوٹ، چشموں ، ڈسپوزایبل بیگز سمیت دیگر اشیاء کی مہنے داموں فروخت اسلامی اقتدار اور ملک کے قانون کی خلاف ورزی ہے ، اس حوالے سے تمام کیمیسٹس ، فارما کیمبٹس ، میڈیکل سٹورز کے مالکان ، ہول سیلز ڈیلرز ، درآمد کنندگان سمیت کاروبار سے وابسطہ تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے تحفظ کا احتیاطی سامان دسمبر2019ء کے نرخوں پر فروخت کریں۔ مزید برآں ڈریپ نے عوام الناس کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ قیمتوں کے حوالے سے کسی بھی کیمیسٹس ، فارماسسٹ یا اشیاء فروخت کرنیوالے عناصر کے خلاف مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کریں ۔ ڈریپ حکام سے رابطہ کیلئے اسلام آباد میں 0300-5277129، لاہور میں 0333-4891155، کراچی میں 0321-9535828 اور پشاور میں 0345-9174582پر اپنی شکایات کا اندراج کرایا جاسکتا ہے ۔