فیصل آباد 12 فروری (اے پی پی ) :کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں کینیڈا ، ایران اور انگلینڈ نے اپنے میچز جیت لئے۔تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈکپ سرکل سٹائل (مینز ) کینیڈا نے آذر بائیجان ، ایران نے جرمنی اور انگلینڈ نے سرا لیون کی ٹیموں کو شکست دیکر اپنے میچز جیت لئے ۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں کینیڈا نے آذر بائیجان کو 40-31سے شکست دی ۔ دوسرے میچ میں ایران نے جرمنی کو 55-23سے ہرایا جبکہ تیسرے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے سرا لیون کے خلاف 41-26سے کامیابی حاصل کی ۔بارش کے بعد میچز تاخیر سے کھیلے گئے ۔فیصل آباد میں کبڈی کے 6میچز شیڈول تھے جن میں سے تین میچز کھیلے گئے جبکہ تین میچز آج بروز جمعرات کھیلے جائیں گئے ۔ کبڈی ورلڈ کپ کے میچز کے انعقاد کیلئے سکیورٹی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ سینکڑوں پولیس اہلکارتعینات کئے گئے جن میں محکمہ پولیس ، ایلیٹ فورس ، ڈولفن فورس ،اینٹی ٹیررسٹ فورس اور موبائل یونٹ تعینات کئے گئے ۔ ٹیموں کو سخت پہرے میں ہوٹل سے سٹیڈیم لایاگیا ۔کبڈی شائقین اور سکول کی بچوں کی بڑی تعداد میں میچ دیکھا۔آج بروز جمعرات پاکستان اپنا میچ آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گا ۔پہلا میچ دن ایک بجے ایران اور انڈیا ، دوسر ا میچ پونے تین بجے سرالیون اور جرمنی جبکہ تیسرا میچ شام چار بجے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جائیگا۔