جنیوا ۔ 12 فروری (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کی پہلی ویکسین 18 ماہ میں تیار ہونے کا عندیہ دے دیا۔ اس بات کا اعلان عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گیبریسس نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی منتقلی اور پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دنیا کو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں بھی کورونا وائرس کی وباءسی او وی آئی ڈی 19 (COVID19 )کو روکنے کے لیے سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ویکسین کی تیاری اور علاج ریسرچ کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا دفاع کر سکتے ہیں اور دستیاب وسائل کے مطابق عوامی صحت کے لیے بہت سے حل اور قدامات موجود ہیں لہذا ہمیں اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے تمام طویل المدتی اقدامات کرنے چاہیئں۔