واشنگٹن ۔ 25 مارچ (اے پی پی) سی این این نے ماہرین صحت کی آراء کی روشنی میں ایک رپورٹ نشر کی ہے جس میں ماہرین نے گرم پانی اور صابن کے ساتھ ہاتھ منہ دھونے کی تجویز پیش کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پانی گرم ہو توکم سے کم 20 سکینڈز تک ہاتھ دھوئے جائیں اور اگر پانی ٹھنڈا ہو تو ہاتھ دوھونے کا دورانیہ 30 سکینڈ ہونا چاہیے۔ یہ طریقہ ہرطرح کے متعدد امراض بالخصوص کرونا جیسی خطرناک بیماری سے بچائو میں بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔پیٹسبرگ چلڈرن ہاسپٹل میڈیکل سنٹرمیں شعبہ امراض اطفال اور متعدی امراض کے محکمہ کے سربراہ ڈاکٹر جان ولیم نے کہا ہے کہ صابن یا الکوحل وائرس کے لیے چکنائی کو تحلیل کرنے میں مؤثر طریقے سے مدد کرتا ہے، چربی کی پرت تحلیل ہونے پر وائرس میں جسمانی طور پر خلل پیدا ہوجاتا ہے کیونکہ پانی ، صابن اور الکوحل سے وائرس متاثر ہوتا ہے اور وہ انسانی خلیات پر اثرا نداز ہونے کے قابل نہیں رہتا۔ ایموری یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کیمسٹ بل ویسٹ کا کہنا ہے کہ ٹھنڈا پانی یقینا مثبت نتیجہ برآمد کرے گا لیکن 30 سیکنڈ تک وافر جھاگ حاصل کرنے کے لیے صابن سے ہاتھ اچھی طرح صاف کرنے کی بات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔