پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کا ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء کو ایک سال کیلئے ملتوی کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم

اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی)پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء کو ایک سال کیلئے ملتوی کرنے پر عالمی اولمپک کمیٹی کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا وائرس کے باعث عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020ء کو ایک سال کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ درست ہے اور اس فیصلہ کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹوکیو اولمپک گیمز منعقد کرانے سے مزید کورونا وائرس پھیل سکتا تھا، عالمی اولمپک کمیٹی کا یہ فیصلہ انسانیت کی زندگیاں بچانے کے حق میں ہے اور پوری دنیا کے کھلاڑی اس گیمز ملتوی کرنے کے فیصلہ کو سراہتے ہیں۔ ٹوکیو اولمپک گیمز 24 جولائی سے 9 اگست تک کھیلی جانی تھیں اور اس گیمز کی میزبانی آج سے سات سال قبل 7 ستمبر 2013ء کو جاپان کو سونپی گئی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں اکرم ساہی نے کہا کہ اولمپک گیمز کے ایک سال ملتوی ہونے سے ہمارے جیولین تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم کو مزید تربیت کا موقع مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کو بیرون ملک تربیت کیلئے ہماری تین ممالک سے بات ہو گئی تھی جن میں فن لینڈ سرفہرست تھا جس میں جیولین تھرو دنیا کا سب سے بہت بڑا سنٹر ہے، اس کے بعد قزاخستان اور ترکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث ارشد ندیم کو تربیت کیلئے اس وقت بیرون ملک بھیجنا بہت مشکل کام ہے جب دنیا میں کورونا وائرس پر قابو پا لیا گیا تو اسی وقت ہر صورت میں ارشد ندیم بیرون ملک تربیت کیلئے بھیجا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم سمیت پانچ اتھلیٹکس کے کھلاڑیوں کو دو ماہ کیلئے 27 دسمبر سے 27 فروری تک جدید اور اعلیٰ تربیت کیلئے چین بھیجا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث وہاں پر یہ کھلاڑی اپنی تربیت کو زیادہ دیر برقرار نہ رکھ سکے اور ان کھلاڑیوں کو واپس وطن آنا پڑا۔ اس کے بعد فن لینڈ بات مکمل ہوئی تو پوری دنیا کو کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ارشد ندیم کو تربیت کیلئے بیرون ملک بیھجنے سے روک لیا اور اب جیسے ہی کورونا وائرس کے باعث حالات سازگار ہوتے ہیں تو ارشد ندیم کو تربیت کیلئے بیرون بیھج دیا جائے گا اور اب ہمارے پاس تیاری کیلئے ایک سال وقت مزید درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء سے قبل ارشد ندیم پنجاب سٹیڈیم لاہور میں اپنے کوچ سیّد فیاض بخاری کی زیرنگرانی پریکٹس کر رہا تھا۔ ابھی گذشتہ ہفتے سے کورونا وائرس کے باعث حکومت کی ہدایت کے مطابق پریکٹس بند کر دی ہے جیسے ہی کرونا وائرس کا مسئلہ حل ہوتا ہے دوبارہ پریکٹس شروع کردی جائے گی۔