اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کر دیئے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانزکی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ چکی تھیں اور لیگ کا پہلا سیمی فائنل میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان منگل کی دوپہر دو بجے شروع ہونا تھا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان منگل کی رات سات بجے شروع ہونا تھا۔ لیگ کے دونوں سیمی فائنلز قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول تھے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خطرے کے پیش نظر پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیئے ہیں۔ قبل ازیں کورونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل میں شامل متعدد غیرملکی کھلاڑی اور کوچز اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا فائنل میچ 18 مارچ کو لاہور میں ہی شیڈول تھا۔