اسلام آباد ۔ 26مارچ (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں بہت سے منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں، بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور توانائی کے منصوبوں پر توجہ دی گئی، جن میں نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق پاکستان میں شاہراہوں کی تعمیر کے تحت شاہراہ قراقرم پر حویلیاں سے تھاہکوٹ اور موٹر وے کے منصوبے، ایم فائیو پر ملتان سے سکھر تک سڑک کی تعمیر مکمل کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق رواں سال میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت سماجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سی پیک کے تحت چھوٹے منصوبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جن میں سکولوں کی تزئین و آرائش، ہسپتالوں کے نظام میں جدت، غربت میں کمی، ماڈل ولیج کا قیام اور عوام کے لئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔