کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیوں سمیت دیگر سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 199 ممالک اور علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیوں سمیت دیگر سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں سرگرم عمل ہیں۔ پیر کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ،صدر پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ وزارت آئی پی سی اور پی ایس بی اس نازک صورتحال میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ نے متاثرہ کھلاڑیوں کی علاج معالجے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے فنڈجمع کرنے کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پی ایس بی کے میڈیکل اور ری ہیبلی ٹیشن عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کی مدد کے لیے موجود رہیں۔انہوں نے سوشل میڈیا یعنی فیس بک ٹوئٹر اور ٹیلی ویژن پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے کی ہدایت بھی کی جس میں کرونا وائرس سے بچاو¿ کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے حکومت کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عمل کرنے پر زور دیا ہے جیسے کہ سوشل ڈسٹنسنگ کی پابندی، ہاتھ دھونا، قوت مدافعت کو بہتر بنانا گھر پر ورزش کرتے رہنا شامل ہیں۔