دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 16 لاکھ ہوگئی، 95,739 سے زائد افراد ہلاک

نیویارک/لندن ۔ 10 اپریل (اے پی پی) دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد16 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ 95,739 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اٹلی اب بھی اموات کی تعداد میں سرفہرست ہے جہاں 18 ہزار279 سے زائد ہلاکتیں ہوئیں۔ جمعہ کو امریکی اور برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس اب بھی دنیا کے مختلف ملکوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے بڑی تعداد میں لوگ لقمہ اجل بن رہے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 16697ہوگئی ہے، اس جان لیوا وائرس سے سپین میں15447 ، فرانس میں12210 ، اٹلی میں18279 ، برطانیہ میں7978 ، چین میں 3336 اور ایران میں 4110 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے 465329 افراد، سپین میں 153222، اٹلی میں 143626، فرانس میں118783، جرمنی میں 118235، چین میں 82885، ایران میں 66220 جبکہ برطانیہ میں 65872 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس سے مزید 799 افراد ہلاک ہوگئے ہیں تاہم ہسپتالوں میں داخل ہونے والے نئے مریضوں کی تعداد میں دوسرے روز بھی کمی دیکھی گئی ہے۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 16697افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 465329 ہے۔ امریکہ میں نیویارک ابھی تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے اور گورنر اینڈریو کوومو نے کہا ہے کہ تدفین کا بندوبست کرنے والے ڈائریکٹرز کی اضافی تعداد کو طلب کرنا پڑے گا۔ ادھر چین میں کورونا وائرس کے مزید 42 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 81907 ہوگئی ہے۔صوبہ ہوبائی سے ایک ہلاکت کی اطلاع بھی موصول ہوئی ہے۔ چین میں اب تک کورونا وائرس سے 3336 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق عالمی سطح پر اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 354000 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔