مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کورونا سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں‘ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کرونا وائرس کے معاملے پر بریفنگ کے دوران گفتگو

راولپنڈی۔ یکم اپریل (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کورونا سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں‘ کورونا سے نمٹنے کیلئے قومی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے‘ ملک کے کسی طبقے کو کورونا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے‘ عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کرونا وائرس کے معاملے پر بریفنگ کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کورونا وائرس کے معاملے پر بریفنگ ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خصوصی شرکت کی۔وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی ‘ وزیر منصوبہ بندی‘ترقی ‘اصلاحات‘ خصوصی اقدامات و فوکل پرسن برائے کویڈ 19کے لئے قومی کوششیں اسد عمر ‘ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر اعجاز احمد شاہ، وفاقی وزیر اقتصادی امورمحمد حماد اظہر ‘وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید ، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان‘ وفاقی وزیر غذائی تحقیق خسرو بختیار ، وفاقی وزیر سمندری امور علی زیدی ‘ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ ‘ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف ‘ وزیراعظم کی معاون خصوصی تخفیف غربت و سماجی تحفظ ثانیہ نشتر اور سینئر فوجی حکا م بھی بریفنگ میں موجود تھے ۔ شرکاءکو کویڈ 19پر قابو پانے کے لئے کوششوں اور اقدامات اور ملک بھر میں کرونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور ملک بھر میں سول انتظامیہ کی امداد کے لئے فوجی جوانوں کی تعیناتی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کے جوان ملک کے ہر کونے میں ضرور پہنچیں۔ ہر شہری تک رسائی کا مقصد وبا سے محفوظ بنانا اور مشکل وقت میں ان کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مربوط قومی کوششوں کے ذریعے ہی مشکلات کو خطرات میں بدلنے سے دور رکھ سکتے ہیں ‘ منصوبہ بندی کے اقدامات پر بروقت عملدرآمد کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ‘ ہمیں ذات پات ، رنگ ، مسلک اور مذہب سے بلاتر ہو کر ایک قوم کی حیثیت سے چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا ‘ یہ کام مشکل کام ہے لیکن اس سے قبل ہم نے مشکل حالات پر قابو پالیا ہے‘ اس بار چیلنج بالکل مختلف ہے ‘ عوام اور کرونا وائرس(کویڈ19) کے مابین سرحد کی حفاظت کے لئے مسلح افواج قوم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوں گی۔ فورم نے اب تک کئے گئے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی عمل درآمد کا فیصلہ کیا ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) ون ونڈو آپریشن کے طور پر کام کررہا ہے جس کا مقصد کوویڈ19کے خلاف قومی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہے ‘ قومی سلامتی کمیٹی اور قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے ۔کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ ، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کو چیف کوآرڈینیٹر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نامزد کر دیا گیا ہے ۔