معاشی رکاوٹوں سے متاثرہ کسانوں کی مدد میں تیزی لا رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن۔ 10اپریل (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر زراعت کو کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی رکاوٹوں سے متاثرہ کسانوں خاص طور پر چھوٹے کسانوں کی مدد میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیر زراعت سونی پیرڈو خوراک کی فراہمی کو مستحکم، مضبوط اور محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ امریکی فارم بیورو فیڈریشن نے گزشتہ ہفتے محکمہ زراعت سے اپیل کہ وہ کورونا وائرس کے باعث معاشی رکاوٹ سے متاثرہ ڈیری، لائیو سٹاک کاٹن پروڈیوسرز، مویشی پالنے اور دیگر کاشتکاروں کی فوری مدد کی جائے اور انہیں براہ راست رقم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس سلسلے میں وزیر زراعت سونی پرڈیو کیا کریں گے لیکن کاشتکاروں کوگذشتہ ماہ ٹرمپ کے کورونا وائرس امدادی بل سے صنعت کے لئے ادائیگی کا انتظار ہے۔