نوجوان کورونا ٹائیگر فورس کا حصہ بن کر اس وباءکے خلاف منظم جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں، وزیر اعظم عمران خان کا ٹویٹ

اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوان کورونا ٹائیگر فورس کا حصہ بن کر اس وباءکے خلاف منظم جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ نوجوان کورونا جیسی آفت سے نمٹنے کی کوششوں میں ہمارا ہاتھ بٹائیں اور ہماری کورونا ٹائیگر فورس جسے اس وباءسے جنم لینے والے مسائل کے خلاف جہاد کے لئے منظم کیا جا رہا ہے ، کا حصہ بنتے ہوئے بیماری کے خلاف جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیزن پورٹل ایپلیکشن استعمال کیجیئے اور اپنا اندراج کرائیے، پاکستان سٹیزن پورٹل شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام اداروں کے درمیان رابطے کا مربوط نظام ہے۔