کورونا وائرس سے خواتین اور بچیوں کو تباہ کن معاشی و معاشرتی خطرات درپیش ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ۔10اپریل (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے خواتین اور بچیوں پر کورونا وائرس کے تباہ کن معاشرتی و معاشی اثرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں غیر رسمی معاشی شعبوں میں کام کرنے والی 60 فیصد خواتین کے کم آمدنی، کم بچت کے معاشی نقصانات کے باعث غربت میں مبتلا ہونے کے زیادہ خطرات درپیش ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز پالیسی بریفنگ کے ساتھ کورونا کی وباءکے خواتین اور لڑکیوں پر اثرات کے حوالے سے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ کھوئی ہوئی ترقی اور حالات کو دوبارہ معمول پر لانے میں کئی سال لگتے ہیں اور سکول سے باہر کی نوعمر لڑکیوں کی کبھی بحالی نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس سے بحالی کی کوششوں میں خواتین اور لڑکیوں کو زیادہ اہمیت دیں۔