امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور امریکی سفیر ایلس ویلز نے سرجیکل ماسک اور حفاظتی سامان کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا

اسلام آباد ۔ 22مئی (اے پی پی) امریکہ نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں معاونت کےلئے پاکستان کی جانب سے سرجیکل ماسک اور حفاظتی سامان کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ جمعہ کو امریکہ کے سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے اس عطیہ کو سراہتے ہیں جس میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (ایف ای ایم اے) کو سرجیکل ماسک، حفاظتی کٹس کی امداد دی۔ انہوں نے کہ یہ امداد پاکستان اور امریکہ کی کووڈ۔19 کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی ہے۔ انہوں نے اس عمل کو دونوں ملکوں کے درمیان خوشحالی کی شراکت داری قراد دیا۔ دریں اثناءامریکی سفیر ایلس ویلز نے طبی امداد پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملکوں کی صحت میں شراکت داری اور مربوط ردعمل سے اس وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان کی جانب سے سی۔ 130 جہاز بدھ کو حفاظتی سامان لے اسلام آباد سے اینڈریو ائیرفورس بیس میری لینڈ پہنچا تھا۔یہ سامان ایف ای ایم اے کے حوالے کیا گیا۔