بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ، درآمدات میں کمی

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2019ءسے لے کر مارچ 2020ءتک کی مدت میں بنگلہ دیش کو 573.15 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی، یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.28 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں بنگلہ دیش کوپاکستانی برآمدات کاحجم 571.30 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مارچ 2020ءمیں بنگلہ دیش کو برآمدات سے ملک کو61 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا، گزشتہ سال مارچ میں بنگلہ دیش کو برآمدات سے ملک کو 61.02 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، مالی سال 2018-19ءمیں بنگلہ دیش کو مجموعی پاکستانی برآمدات کا حجم 744.72 ملین ڈالرریکارڈکیا گیاتھا۔سٹیٹ بنک کے مطابق جاری مالی سال میں بنگلہ دیش سے درآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جولائی 2019ءسے لیکر مارچ 2020ءتک کی مدت میں بنگلہ دیش سے درآمدات کاحجم 39.02 ملین ڈالررہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بنگلہ دیش سے درآمدات پر45.59 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔مارچ 2020ءمیں بنگلہ دیش سے 4.52 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی، گزشتہ سال مارچ میں درآمدات کا حجم 5.42 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔