عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج 23 مئی کو کراچی میں کرے گی، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری

اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج 23 مئی کو کراچی میں کرے گی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت عید منائے گی۔ہفتے کو ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لئے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندہ کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ پیر نورالحق قادری نے کہا کہ فواد چودھری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند چاند کھیل رہے ہیں مگر عید کا فیصلہ علما کرام ہی کریں گے۔