پی آئی اے مسافر طیارہ حادثہ،جائے حادثے سے 94 میتیں نکال لی گئیں، ترجمان ایدھی فاﺅنڈیشن

کراچی۔ 23 مئی (اے پی پی)پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کے بدقسمت مسافر طیارہ رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہونے کے واقعے میں جائے حادثے سے جانبحق ہونے والوں کی تاحال 94 میتوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ایدھی فاﺅنڈیشن کے ترجمان نے ہفتہ کو مزید بتایا کہ نکالی جانے والی میتوں کو شناخت کے لئے ایدھی سرد خانہ منتقل کردیا گیا ہے،ورثہ ایدھی سرد خانہ میں اپنے پیاروں کی شناخت کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جائے حادثہ پر تاحال ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں ایدھی کے رضاکار بھی مدد کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کا بدقسمت مسافر طیارہ جمعہ کو لاہور سے کراچی آرہا تھا، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی میں لینڈنگ سے ایک منٹ پہلے طیارہ ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا ۔ طیارے میں جہاز کے عملہ کے ارکان کے علاوہ 100 مسافر سفر کررہے تھے۔