پی آئی اے کراچی حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کیلئے لاہور سے ڈی این اے ایکسپرٹس ڈاکٹرز کی ٹیم لاہور سے کراچی روانہ ہو گئی

اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) ترجمان قومی ائیر لائن پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے کراچی حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کیلئے لاہور سے ڈی این اے ایکسپرٹس ڈاکٹرز کی ٹیم لاہور سے کراچی روانہ ہو گئی۔ شناخت ہونے والے جسد خاکی کی لواحقین کو حوالگی شروع کی جائے گی۔ لواحقین کی تدفین کیلئے پی آئی اے کے قوانین کے مطابق 5 لاکھ روپے فوری طور پر ادا کئے جاتے ہیں تاہم وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا تدفین کے زمرے میں فی کس 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تدفین کے اخراجات پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجرز خود لواحقین کے گھر جا کے ادا کریں گے۔ پی آئی اے کا ابھی تک 96 افراد کے خاندانوں سے رابطہ ہوگیا ہے۔حادثے کی جگہ سے تمام جسد خاکی حاصل کرلئے گئے ہیں جن میں سے 21 کی شناخت ہو چکی ہے۔