آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر راولپنڈی کا دورہ آرمی سول انتظامیہ کی ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے میں معاونت کے لئے ہر ممکن وسائل مہیا کرے گی،جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی ۔ 4 جون (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں انجینئر انچیف (ای ان سی) لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز جو کہ چیف کوآرڈینیٹر این ایل سی سی ہیں، نے ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کی جا رہی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ایکشن پلان کے مطابق قومی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے میں این ایل سی سی کے کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آرمی سول انتظامیہ کی ٹڈی دل کے خطرے سے نمٹنے میں معاونت کے لئے ہر ممکن وسائل مہیا کرے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور منفی معاشی اثرات کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات ضروری ہیں، حکومت اس ضمن میں پہلے ہی قومی ہنگامی صورتحال کا اعلان کر چکی ہے۔