بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار ہوگئی

نئی دہلی ۔ یکم جون (اے پی پی) بھارت میں مہلک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ملک میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ پیر کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں کوروناوائرس کے مریضوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر مریضوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور8392 نئے مریضوں کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 190622 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس دوران بھارت میں کورونا سے مزید230 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 5394 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں فرانس اور جرمنی کو پیچھے چھوڑ کر ساتویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ بھارت میںکورونا وائرس کے ریاست مہاراشٹر، تامل ناڈو، دہلی اور گجرات میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان چاروں ریاستوں میں پانچ ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔بھارت میں ریاست مہاراشٹر کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ممالک کی فہرست میں امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وبا سے اب تک 17،90،172 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ برازیل میں 5.14 لاکھ، روس میں 4.5 لاکھ، برطانیہ میں 2.76 لاکھ، سپین میں 2.39 لاکھ، اٹلی میں 2.32 اور بھارت میں 1.90 لاکھ تصدیق شدہ مریض ہیں۔