دسمبر2019 اور فروری2020 میں کامیاب انسداد پولیو مہمات کی گئیں، کورونا کے اثرات کے باوجود انسداد پولیو مہمات کیلئے بالکل تیار ہیں، پولیو کو شکست دینے کیلئے مزید متحد ہو کر کام کریں گے، کورونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کیلئے مددگار ثابت ہوگا معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا پولیو انڈیپنڈنٹ مانیٹر نگ بورڈ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ دسمبر2019 اور فروری2020 میں کامیاب انسداد پولیو مہمات کی گئیں، کورونا کے اثرات کے باوجود انسداد پولیو مہمات کیلئے بالکل تیار ہیں، پولیو کو شکست دینے کیلئے مزید متحد ہو کر کام کریں گے، کورونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پولیو انڈیپنڈنٹ مانیٹر نگ بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 2019 میں پاکستان پولیو پروگرام کو کئی چیلنجز درپیش تھے، آئی ایم بی کی اکتوبر2019 کی تجاویز پر بھرپور عملدرآمد کیا گیا، پولیو کے خاتمے کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی قیادت متحد ہیں، الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر آگہی مہم جاری ہے، فرنٹ لائن ورکرز کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر2019 اور فروری2020 میں کامیاب انسداد پولیو مہمات کی گئیں،کورونا کے اثرات کے باوجود انسداد پولیو مہمات کیلئے بالکل تیار ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پولیو کو شکست دینے کیلئے مزید متحد ہو کر کام کریں گے، کورونا سے نمٹنے کا تجربہ پولیو کے خاتمے کیلئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2020 میں کورونا کیسز کے بعد پاکستان میں پولیو مہم روک دی گئی تھی، دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا سے ہیلتھ ورکرز متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے پولیو ورکرز کا کردار قابل تحسین ہے، ہمیں وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور آرمی چیف کی مکمل حمایت حاصل ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم بی کی رہنمائی سے پاکستان سمیت دنیا سے پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر پولیو پروگرام ڈاکٹر رانا صفدر نے آئی ایم بی کو پولیو مہمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے میں پولیو ورکرز نے اہم کردار ادا کیا، مزید بہتر حکمت عملی سے پولیو مہمات چلائی جائیں گی، آئی ایم بی کی رہنمائی سے مزید بہتری ہوگی۔ ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا کہ پولیو ورکرز کے کورونا وبا میں کردار سے بہتر نتائج متوقع ہیں۔