سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا میجر جنرل نگار جوہر کو پہلی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے اور سرجن جنرل کا عہدے سنبھالنے پر مبارکباد

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میجر جنرل نگار جوہر کو پہلی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے اور سرجن جنرل کا عہدے سنبھالنے پر مبارکباددی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے نام اپنے ایک پیغام میں انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کی خبر سن کر انہیں بڑی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ان کی ترقی نہ صرف ضلع صوابی بلکہ پورے ملک کی خواتین کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی اس عہدے پر ترقی اور پاکستان کی پہلی خاتون کی سرجن جنرل بنانا اس بات کی عکاسی ہے کہ پاکستان کی خواتین انتہائی قابل اور باصلاحیت ہیں اوراگر انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صنفی مساوات پر یقین رکھتی ہے اورخواتین کو بااختیار بنانے اور اْنہیں ہر شعبے میں بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لیے ترجیجی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے اْنہیں مزید کامیابیاں عطاء فرمانے کی دعا کی۔