صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا 14واں اجلاس یونیورسٹی کے صدر کیلئے ڈاکٹر ہتل بن حمود العتیبی کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا 14واں اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت منگل کو ایوان صدر میں ہوا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے صدر کیلئے ڈاکٹر ہتل بن حمود العتیبی کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ وہ اس وقت امام محمد بن سعود یونیورسٹی میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اجلاس کے شرکاء کو اسلامی یونیورسٹی کی سرگرمیوں اور کے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے کردارکے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی علم سیکھنے کا ایک عظیم مرکز ہے جو نہ صرف جدید تعلیم فراہم کرتی ہے بلکہ طالب علموں کو شریعت، اسلام کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں تعلیم دینے کیلئے بھی اہم خدمات فراہم کرتی ہے۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے لئے اہداف اور وژن متعین کرے اور پھر انہیں حاصل کرنے کیلئے مدت کا تعین بھی کیا جائے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے جدہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے 15 ترقی پذیر ممالک کے 100 طلباء کیلئے سکالرشپس دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے میں جانی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر ایم ایچ حجار نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ بینک یونیورسٹی کے وقف پراجیکٹ کیلئے فنڈز کی فراہمی جاری رکھے گا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی عرب اور آئی ڈی بی کی طرف سے یونیورسٹی میں تعاون کو سراہا۔ انہوں نے مصر کی الازہر یونیورسٹی سے 30 اساتذہ بھیجنے اور ان کی مالی ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھانے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ صدر عارف علوی نے تعلیم کے فروغ کیلئے یونیورسٹی کے سابق صدر ڈاکٹر احمد بن یوسف الدرویش کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر اقدس نوید ملک، چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ محمد نور مسکانزئی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر طارق بنوری اور سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور صدر مملکت کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین، صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر بندر ایم ایچ حجار، صدر الازہر یونیورسٹی مصر پروفیسر محمد عثمان الخوشت، پرو چانسلر پروفیسر احمد سالم محمد الامیری اور قائم مقام صدر اسلامی یونیورسٹی آف مدینہ ڈاکٹر عبداﷲ العتیبی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔