مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کورونا وائرس کی وباءپر قابو پانے میں معاونت پر چین سے اظہار تشکر

اسلام آباد ۔ 2 جون (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کورونا وائرس کی وباءپر قابو پانے میں چین کی معاونت پر شکریہ ادا کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق انہوں نے پاکستان میں کورونا وائرس کی وباءکے خلاف جاری جدوجہد کو کامیاب بنانے کے لئے چین کی حکومت کی طرف سے طبی آلات کی فراہمی اور کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج میں مدد کرنے پر چینی حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ نے مشیر خزانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فریقین نے مستقبل میں معیشت کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں مزید اضافہ پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں چین کے سفیر نے مشیر خزانہ کو یقین دلایا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ پر قابو پانے کے اقدامات میں چین کی حکومت پاکستان کی ہر طرح کی ممکنہ معاونت کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کی حکومت دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کی خواہاں ہے۔