مظاہرین نسلی امتیاز کے خلاف پرامن احتجاج کریں، امریکی حکام تحمل کا مظاہرہ کریں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک۔ 2 جون (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریش نے امریکی مظاہرین کو نسلی امتیاز کے خلاف پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کرتے ہوئے امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظاہرین کو سنیں اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے امریکی پولیس کے تشدد سے سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کی ہلاکت پر امریکی مظاہروں سے متعلق ردعمل میں کہا کہ شکایات کو ضرور سنا جانا چاہیے لیکن ان کا اظہار پرامن طریقوں سے کرنا ضروری ہے اور حکام کو مظاہروں کے جواب میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح امریکہ میں بھی بھرپور تنوعات ہیں اور یہ خطرہ نہیں ہے بلکہ متنوع معاشروں کی کامیابی کے لیے بھرپور معاشرتی ہم آہنگی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے مظاہرین کے خلاف پولیس کے استعمال سے متعلق کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں پولیس تشدد کے کئی کیس سامنے آئے ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہیں۔ ترجماننے کہا کہ دنیا بھر میں پولیس اہل کاروں کو انسانی حقوق، معاشرتی اور نفسیاتی حمایت کی تربیت دی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے سکیں۔