وفاقی وزیر اسد عمر کو وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدام اسد عمر کو وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔وفاقی ادارہ شماریات نے بتایا کہ پی بی ایس نے افراط زر (ڈی ایس ایس آئی) کے لئے فیصلہ کن معاونت کا نظام تیار کیا ہے جو ایک ہی ونڈو میں قیمتوں، درآمد / برآمد اور پیداوار کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔ڈی ایس ایس آئی پالیسی سازوں کو بر وقت فیصلہ لینے اور ملک میں افراط زر کی وجوہات کو جاننے میں مدد فراہم کرے گا، وفاقی وزیر اسد عمر نے وفاقی ادراہ شماریات کے تحت کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قابل اعتماد اور بروقت اعداد و شمار پالیسی سازوں کو باخبر فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ پی بی ایس بلاک سطح پر مردم شماری کے ڈیٹا کا ایک وسیع ذخیرہ رکھتا ہے اور اعداد و شمار تک آسانی سے اور وسیع رسائی تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گی،یہ نظام پالیسی سازوں کو موثر فیصلے لینے میں مدد فراہم کرے گا۔