پاکستان کرکٹ بورڈ تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ۔19 ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کل کرے گا

اسلام آباد ۔ 25 جون (اے پی پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ۔19 ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان (کل) ہفتہ کو کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق گذشتہ روز پانچ ریزرو کرکٹرز اور منیجمنٹ کے ایک رکن کے کوویڈ۔19 ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے نام شامل ہیں۔ اس ٹیسٹ میں منیجمنٹ کے ایک رکن، مساجر محمد عمران کا کوویڈ۔19 ٹیسٹ بھی لیا گیا۔بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی دورہ انگلینڈ کے لئے اعلان کردہ 4 ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا تاہم محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر کی بطور بیک اپ وکٹ کیپر اور ملنگ علی کی جگہ محمد عمران کی بطور بیک اپ مساجر کوویڈ۔19 ٹیسٹنگ کی گئی۔ قومی سکواڈ کی ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور مساجر ملنگ علی کے کوویڈ۔19 ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ گذشتہ روز سکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی کوویڈ۔19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا جبکہ پہلے مرحلے میں مثبت نتائج آنے والے 10 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کا دوسرا کوویڈ۔19 ٹیسٹ (آج) جمعہ کو ہوگا۔ پی سی بی تمام ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 27 جون کو کرے گا۔ اس وقت تک پی سی بی اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔